حکومت جلد ہی کسانوں کا ڈیٹا بینک تیار کرے گی تاکہ سیلاب کی وارننگ، سیٹلائٹ کی تصاویر، زمین کے محصولات کے ریکارڈ وغیرہ کے بارے میں معلومات گھر پر دستیاب ہوں۔
مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے ہفتہ کے روز کہا کہ مرکزی حکومت کسانوں اور زرعی شعبہ کو خوشحال بنانے کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں اس سمت میں اہم اقدامات کئے گئے ہیں جس کے ثمرات کاشتکاروں کو ملنا بھی شروع ہوگئے ہیں۔ حکومت جدید ٹکنالوجی کے ذریعے کسانوں کو بھی فائدہ پہنچا رہی ہے۔
تومر نے یہ بات ’ایلیٹس ٹیکنومیڈیا‘ کے زیر اہتمام سہ روزہ ’نالج ایکسچینج سمٹ‘ کے دسویں ایڈیشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد کاشتکاروں کی معاشی حالت کو بہتر بنانا ہے، اس سے زرعی شعبے کو فائدہ ہوگا اور نئی نسل زراعت کی طرف راغب ہوگی۔
ملک میں زرعی اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ اس اجلاس میں وزیر زراعت نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصہ میں زراعت اور اس سے وابستہ شعبوں میں کچھ نئی جہتیں شامل کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اس سیکٹر کو ترجیح دی ہے، ریاستوں کے ساتھ مل کر گاؤں کے غریب کسانوں کی ترقی بنیادی مقصد ہے، اس مقصد کے حصول کے لئے کوشش کی جارہی ہیں۔ ہمارے دیہات اور زرعی علاقے برسوں سے اس ملک کی طاقت بنے ہوئے ہیں جن کو حکومت مزید مضبوط بنانے پر پوری توجہ دے رہی ہے۔
(یو این آئی)