پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا ہے کہ وہ پنجاب کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں ریاستی کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف ایک مضبوط امیدوار کھڑا کریں گے اور ملک کو ایسے خطرناک آدمی سے بچانے کے لیے کوئی بھی قربانی دینے کے تیار ہیں۔
بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں امریندر سنگھ نے کہا کہ 2022 میں ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں ایسے امیدوار کو سدھو کے خلاف میدان میں اتارا جائے گا، جس سے ان کی شکست یقینی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو سیاست کا زیادہ تجربہ نہیں ہے اور جو بھی ان کے سیاسی مشیر ہیں وہ دونوں کو الجھا رہے ہیں۔
امریندر سنگھ نے کہا کہ پرینکا اور راہل گاندھی میرے بچوں کی طرح ہیں اور اس واقعے کو اس طرح ختم نہیں ہونا چاہیے تھا اور میں اس سے شدید صدمہ میں ہوں۔ میں ایم ایل اے کے ساتھ گاؤں یا کسی اور جگہ نہیں گیا ہوں اور یہ میرا کام کرنے کا طریقہ نہیں ہے اور میں کوئی چال بازی نہیں کرتا۔ گاندھی خاندان بھی یہ جانتا ہے اور وہ میرے کام کرنے کا طریقہ بھی جانتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ امریندر سنگھ نے سدھو اور ان کے درمیان لڑائی کے بعد وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
امریندر سنگھ نے کہا کہ گاندھی خاندان کے ان دو بچوں کو سیاست کا اتنا تجربہ نہیں ہے اور ان کے مشیر انہیں الجھا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سدھو کا تعلق پاکستان سے ہے، ان کا وزیر اعلیٰ بننا قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے: امریندر
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے سیاسی آپشن اب بھی کھلے ہیں اور مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرنے کے لیے اپنے دوستوں سے رابطے میں ہیں۔ حالانکہ 80 سالہ امریندر بھی جانتے ہیں کہ ان کی عمر کے باعث کوئی بھی ایم ایل اے ان کے ساتھ جانا نہیں چاہتا ہے، کیونکہ پارٹی کے کسی بھی رہنما کو فائدہ نوجوان لیڈر سے ہوگا اور اسی سے اس کا مستقبل طے ہوگا۔