وادی کشمیر میں جہاں بدھ کو بڈگام – بارہمولہ ریل سروس ایک روز بعد بحال ہوئی وہیں، وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ مرمت کے کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہی۔
ریلوے ذرائع نے بتایا کہ بڈگام- بارہمولہ ٹریک پر بدھ کو ایک روز بعد ٹرین سروس بحال ہوئی۔
ہم آپ کو بتا دیں کہ اس ٹرین سروس کو منگل کے روز اس وقت احتیاطی طور پر معطل کر دیا گیا تھا جب شمالی کشمیر کے سوپور میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم آرائی شروع ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق اس تصادم آرائی کے دوران تین عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ بڈگام- بارہمولہ ٹریک پر بدھ کی صبح ٹرین سروس بحال ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس تصادم آرائی کی وجہ سے جنوبی کشمیر سے جموں کے بانہال جانے والی ٹرین سروس متاثر نہیں ہوئی تھی وہ حسب معمول چل رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: رواں برس 100 سے زائد عسکریت پسند ہلاک کیے گئے: پولیس
دریں اثنا وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ بدھ کے روز مرمت کے کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہی۔
تاہم وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔
ایک ٹریفک عہدیدار نے بتایا کہ مرمتی کام کے پیش نظر بدھ کے روز قومی شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر جمعرات کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل کو بحال کیا جائے گا۔
یو این آئی