بھوپال: مدھیہ پردیش کے بھوپال میں عالمی تبلیعی اجتماع کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ کورونا قہر کے سبب 2020 اور 2021 میں عالمی تبلیغی اجتماع کا انعقاد نہیں ہو سکا تھا، لیکن امسال حالات سازگار ہونے کے بعد مقامی انتظامیہ کی اجازت کے بعد عالمی اجتماع کمیٹی نے چار روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کا انعقاد 18 نومبر 2022 سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ Bhopal Aalmi Tabligi Ijtema
عالمی تبلیغی اجتماع کا آغاز 18 نومبر سے درس قران سے ہوگا اور 21 نومبر کو اجتماعی دعا کے ساتھ بھوپال کے چار روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کااختتام ہوگا۔ عالمی اجتماع میں بیرون ممالک سے آنے والی جماعتوں کو لیکر ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔
واضح رہے کہ نوابوں کی نگری بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع کی بنیاد 1944 میں رکھی گئی تھی۔ ابتدائی سالوں میں اجتماع میں مقامی لوگوں کے ساتھ بھوپال سے باہر کے چند جماعتوں نے شرکت کی تھی لیکن جب رفتہ رفتہ اجتماع کی اہمیت و افادیت سے لوگوں کو واقفیت ہوئی تو اس میں نہ صرف مدھیہ پردیش کے باہر سے لوگوں نے شرکت شروع کی بلکہ 70 کی دہائی میں اجتماع نے عالمی شہرت حاصل کی۔
سنہ 2019 کے عالمی اجتماع میں 22 ممالک کی جماعتوں کے ساتھ 15 لاکھ سے زائد فرزندان توحید نے شرکت کی۔ سال 2001 تک عالمی تبلیغی اجتماع کا انعقاد بھوپال میں ایشیا کی بڑی مسجد تاج المساجد میں ہوتا رہا اور تاج المساجد نے اپنی تنگ دامنی کی شکایت کی تو عالمی اجتماع کو تاج المساجد سے بھوپال شہر سے 15 کلو میٹر دور اینٹ کھیڑی میں منتقل کیا گیا۔
امسال بھی عالمی اجتماع کا انعقاد بھوپال اینٹ کھیڑی میں ہی ہوگا۔ چار روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کے انعقاد اور اس کی تیاریوں سے متعلق عالمی اجتماع کمیٹی کے ترجمان حاجی عتیق الاسلام سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ چار روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کا آغاز 18 نومبر سے ہوگا اور 21 نومبرکو اجتماعی دعا کے ساتھ عالمی تبلیغی اجتماع کا اختتام ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: Bhopal Tablighi Ijtema بھوپال عالمی تبلیغی اجتماع کے انعقاد کی راہ ہموار
حاجی عتیق الاسلام سے جب بیرون ممالک کی جماعتوں کی شرکت کے تعلق سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ابھی تک بیرون ممالک کی جماعتوں کی شرکت کے تعلق سے کوئی خبر نہیں آئی۔ بیرون ممالک سے جماعتیوں آئیں گی کہ نہیں، اس تعلق سے ابھی کچھ کہا جا سکتا ہے۔ اگر بیرون ممالک سے کوئی جماعت آتی ہے تو اس کااستقبال ہے اور نہیں آتی ہے تو بھی عالمی اجتماع اپنی روایت کے مطابق منعقد ہوگا۔ ہمارا مقصد اللہ کا پیغام اللہ کے بندوں تک پہنچانا ہے۔