یس بینک کے بحران میں آنے کے بعد ای ڈی نے گذشتہ چھ مارچ کی دیر شام ممبئی واقع رانا کپور کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔ اس کے بعد ان سے ای ڈی کے علاقائی دفتر میں پوچھ گچھ کی گئی اور دوسرے دن صبح چھوڑ دیا گیا تھا، لیکن تفتیشی ایجنسی نے آج صبح رانا کپور کو گرفتار کر لیا اور مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں انہیں 11 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا گیا۔
اترپردیش کی سرکاری بجلی کمپنی اترپردیش پاور کارپوریشن نے اہلکاروں کا ملازم پروویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف) کی رقم دیوان ہاؤسنگ فائینینس کارپوریشن (ڈی ایچ ایف ایل) میں سرمایہ کاری کی تھی اور اس کا تعلق رانا کپور سے بتایا جارہا ہے۔
یہ سرمایہ کاری مارچ 2017 سے دسمبر 2018 کے درمیان کی گئی۔ ای ڈی اس کی بھی تفتیش کر رہا ہے۔
ای ڈی نے انسداد منی لانڈرنگ قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت یوپی پاور کے افسران اور ڈی ایچ ایف ایل کے خلاف علاحدہ معاملہ درج کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی ایچ ایف ایل نے ڈو اِٹ وینچرس کو 600 کروڑ روپیے کا قرض دیا تھا اور ڈو اِٹ پر رانا کپور کے اہل خانہ کا کنٹرو ل ہے۔
یس بینک نے ڈی ایچ ایف ایل کو 3700 کروڑ روپیے کا قرض اور ڈی ایچ ایف ایل کے کنٹرول والی کمپنی آر کے ڈبلیو ڈیولپرس کو 750 کروڑ روپیے کا مزید ایک قرض دیا تھا۔
گذشتہ پانچ مارچ کو ریزروبینک نے یس بینک کے ڈائریکٹر راناکپور کو تحلیل کر دیا تھا اور اسٹیٹ بینک کے سابق مالی افسر پرشانت کمار کو بینک کا ایڈمنسٹریٹر متعین کیا تھا۔