بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی مہاراشٹر کے ناگپور میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرنے پہونچی تھیں جہاں انہوں نے بھیم راو امبیڈکر کی طرح ہی بودھ مذہب اپنانے کا اعلان کیا۔
مایاوتی نے کہا 'آپ لوگ میرے بارے میں بھی سوچتے ہوں گے کہ بہن جی کب بودھ مذہب تسلیم کریں گی، میں دکشا ضرور لونگی، لیکن صحیح اور واجب وقت پر، میرے ساتھ پورے ملک کے لوگ مذہب تبدیل کریں، یہ کام تبھی ممکن ہو سکتا ہے جب بابا صاحب کے ماننے والے سیاست میں ان کے بتائے راستے پر چلیں گے۔
واضح رہے کہ بابا صاحب امبیڈکر نے 14 اکتوبر 1956 میں اپنے ماننے والوں کے ساتھ بودھ مذہب تسلیم کر لیا تھا۔
اس دوران مایاوتی نے سخت گیر ہندو تنظیم آر ایس ایس کے صدر موہن بھاگوت کے 'ہندو راشٹر' والے بیان پر بھی ناراضگی جتائی، انہوں نے کہا کہ بھاگوت کو سچر کمیٹی کی رپورٹ پڑھنی چاہیئے، جس میں بھارت کو 'ہندو راشٹر' نہیں بلکہ ایک سیکولر ملک بتایا گیا ہے۔
انہوں نے موہن بھاگوت پر مسلمانوں اور عسایئوں کے اندر خوف پیدا کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔