سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے حکومت سے سوال کیا ہے کہ ہمارے فوجی غیر مسلح کیوں تھے؟
راہل گاندھی نے میڈیا کی خبروں کے کچھ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ آخر بغیر اسلحہ کے فوجیوں کو ہلاک ہونے کے لیے کیوں بھیج دیا گیا؟
انہوں نے اپنے ٹویٹ پیغام میں لکھا کہ ' چین کی ہمت کیسے ہوئی کہ اس نے ہمارے نہتے فوجیوں کی جان لی، ہمارے فوجی ہلاک ہونے کے لیے نہتے کیوں بھیجے گئے تھے؟
بدھ کو بھی راہل گاندھی نے ٹویٹ کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ پر شدید نکتہ چینی کی تھی، قبل ازیں راجناتھ سنگھ نے ٹویٹ کر کے فوجیوں کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا تھا جس کے بعد راہل گاندھی نے رد عنمل ظاہر کتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آپ کو اتنا درد ہو رہا ہے تو بتائیے کہ کیوں آپ نے اپنے ٹویٹ میں چین کا نام نہیں لے کر بھارتی فوج کی شان میں گستاخی کی، اب دو دن بعد تسلی کیوں دے رہے ہیں؟ کیوں ریلی سے خطاب کررہے تھے جب ایک جانب جوان ہلاک ہو رہے تھے، کیوں میڈیا کے ذریعے حکومت کی جگہ فوجیوں کو قصوروار ٹھہرایا جا رہا تھا؟
بتا دیں کہ لداخ میں چینی فوجیوں کے ساتھ پر تشدد جھڑپ میں بھارت کے 20 فوجی جوان ہلاک ہو گئے تھے جبکہ چار دیگر شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔