راہل گاندھی نے ٹویٹر کے ذرئعے پلوامہ سانحہ میں ہلاک ہونے والے فوجی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور مرکزی حکومت کو نشانہ بنا کر کئی سوالات کیے۔
راہل گاندھی نے لکھا کہ ' ہم آج پلوامہ خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے 40 سی آر پی ایف اہلکاروں کو یاد کررہے ہیں تو ہم یہ پوچھیں: اس حملے سے سب سے زیادہ فائدہ کس کو ہوا؟ حملے کی تحقیقات کا نتیجہ کیا نکلا؟ بی جے پی حکومت میں ابھی تک سکیورٹی چوک کے لیے کس کو جوابدہ ٹھہرایا گیا ہے؟ '
واضح رہے کہ اس خودکش حملے میں 40 سے زیادہ بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ یہ حملہ پلوامہ سے تعلق رکھنے والے ایک کشمیری نوجوان عادل احمد ڈار نے انجام دیا تھا۔ گذشتہ کئی دہائیوں میں سکیورٹی فورسز کے خلاف ہونے والا یہ شدید ترین حملہ تھا۔
غور طلب ہے کہ اس حملے کے تین ماہ بعد بھارت میں عام انتخابات ہونے والے تھے اور حکمران سیاسی جماعت بی جے پی نے اس حملے کے علاوہ کشمیر میں عسکریت پسندی اور علیحدگی پسندی کی کمر توڑنے کے معاملوں کو انتخابات کا موضوع بنایا تھا۔
بی جے پی پر اپوزیشن جماعتوں اور عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے فوجیوں کی ہلاکتوں کو انتخابات جیتنے کیلئے استعمال کیا۔ تاہم انتخابات میں بی جے پی پھر سے کامیاب ہوگئی اور انکی نشستوں میں 2014 کے انتخابات کے مقابلے میں کافی زیادہ نشستوں کا اضافہ بھی ہوگیا۔