بہار کے نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی نے کہا کہ بہار کی سیاست میں لالو پرساد کی برانڈ ویلیو صفر ہوگئی ہے، ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب چارہ بدعنوانی کے ایک کیس میں بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو کو گزشتہ روز جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے ضمانت دی تھی۔
سشیل مودی نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ بدعنوانی کے سنگین معاملے میں سزا یافتہ لالو پرساد کی پارٹی انہیں ایسے پیش کرتی ہے گویا وہ آزادی کی جدوجہد میں جیل گئے ہوں۔
انہوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہم بھی پھیلادیا کہ اگر لالو پرساد انتخابات کے وقت جیل سے باہر ہوتے تو ای وی ایم سے جن باہر آتا اور پارٹی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتی۔ مودی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ بھول گئے کہ لالو پرساد 2010 کے اسمبلی انتخابات میں جیل سے باہر تھے اور ان کی پارٹی کو محض 22 نشستوں پر ہی کامیابی ملی تھی۔
انہوں نے آر جے ڈی کی خوشی پر طنز کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا کہ جیل میں اپنی نصف سزا گزارنے کی وجہ سے انہیں ایک کیس میں ضمانت مل گئی ہے۔ دوسرے معاملات میں آدھی سزا بھی نہیں کاٹی ہے، لہذا وہ باہر نہیں آسکیں گے۔ آر جے ڈی والے ضمانت ملنے پر ایسے جشن منا رہے ہیں گویا انہیں باعزت بری کردیا گیا ہو۔'
انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی صرف اسی وقت عدلیہ کا احترام کرتی ہے جب فیصلہ اس کے حق میں ہوتا ہے۔