مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعۃ علماء ریاست تلنگانہ وآندھراپردیش نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نیوز چینل کے اینکر نے لائیو چینل پر سلطان الہند حضرت خواجہ سید محمد معین الدین چشتی اجمیری علیہ الرحمہ کی شان میں سرِ عام جو گستاخی کی ہے اور ان کے خلاف جو نازیبا اور ہتک آمیز رویہ اختیار کیا ہے وہ حد درجہ باعثِ اذیت،قابل مذمت،ناقابل برداشت ہے اور اسے کسی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
ٹی وی اینکر کے اس ہتک آمیز مذموم بیان سے ہر انسان کو دلی تکلیف پہنچی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’ہم حضرت خواجہ اجمیری کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہیں‘‘
انہوں نے کہا کہ نیشنل چینلز پر یہ اینکر آئے دن اسلامی تاریخ کے مختلف واقعات کو کرید کرید کر انہیں ہدف بنارہے ہیں اور مسلمانوں کی برگزیدہ ہستیوں اور عظیم المرتبت درویشوں کی ذات پر کیچڑ اچھالتے اور خوب نفرت پھیلاتے ہے۔
واضح ہوکہ حضرت اجمیری ؒ بر صغیر میں اسلامی تعلیمات اور انسانی اقدار کے عظیم داعی اور غیر متنازعہ روحانی پیشوا کے طور پر اپنی منفرد پہچان اور بلند مقام رکھتے ہیں۔
’بلا لحاظِ مذہب و ملت‘ بے شمار خلقِ خدا ان سے عقیدت و محبت رکھتی ہے سلطان الہند خواجہ سید محمد معین الدین چشتی اجمیری، چشتیہ سلسلے کے مشہور بزرگ ہیں قطب الدین بختیار کاکی اور بابا فرید الدین گنج شکر جیسے عظیم صوفیوں کے وہ مرشد رہے۔
وہ انسانوں سے بے پناہ محبت کرتے کرتے محبوبِ خلقِ خدا ہوگئے۔
غریب انسانوں کے مسیحا تھے اسی لیے عوام الناس حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کو غریب نواز کے لقب سے یاد کرتے ہے۔
حافظ پیر شبیراحمدنے کہا کہ ہم نیوز چینل کے اینکر کے نازیبا الفاظ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اور حکومتِ ہند سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مذکورہ اینکر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کرسکے۔