ٹیلی مواصلات خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ووڈافون، آئیڈیا لمیٹڈ کے صدر کمار منگلم برلا نے کہا کہ ان کی کمپنی نے حکومت سے راحت کی مانگ کی ہے اگر وہ نہیں ملی تو کمپنی کوبند کرنا پڑ سکتا ہے۔
مسٹر برلا نے یہاں 'ایچ ٹی لیڈرشپ چوٹی کانفرنس' میں بات چیت کے دوران کہا کہ حکومت سے راحت نہیں ملنے پر ان کا گروپ اب اس کمپنی میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ راحت نہیں ملنے پر گروپ انسالوینسی کا راستہ اختیار کرے گی۔
مسٹر برلا آدتیہ گروپ کے چیرمین بھی ہیں۔ ملک میں ٹیلی کوم صنعت میں جاری گلاکاٹ مقابلہ کی وجہ سے ووڈافون کو آ ئیڈیا میں ضم کرکے جوائنٹ وینچر ووڈافون آئیڈیا بنایا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے ووڈافون، آئیڈیا اور بھارتی ایرٹیل پر مجموعی آمدنی میں اہم کاروبار سے الگ ریونیوکو شامل کرنے اور لائسنس فیس اور اسپیکٹرم استعمال فیس کے طورپر کل ملاکر 81 ہزار کروڑ روپے اداکرنے کا حکم دیا تھا۔ اس پر جرمانہ اور سود بھی ادا کرنا ہوگا۔
سپریم کورٹ کے اس حکم کے بعد اس رقم کی ادائیگی کا التزام کرنے کی وجہ سے ووڈافون آئیڈیا کو رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں 50،921کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: ایودھیا تنازع: مسلم فریق نے نظر ثانی کی مزید عرضی دائر کی
ایئرٹیل کو بھی 20ہزار کروڑ روپے سے زیادہ خسارہ ہوا۔ اس کے بعد ان کمپنیوں کے سینئر حکام نے حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کرکے راحت دیئے جانے کی اپیل کی ہے۔