ڈی جی سی اے نے 19 اپریل کو ایک سرکولر جاری کرکے بتایا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوسرے مرحلے کے بعد چار مئی سے مسافر پروازیں شروع کرنے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے سبھی ائرلائنس کو حکم دیا تھا کہ وہ ٹکٹ کی بکنگ ابھی نہ کریں۔مسافر پروازیں شروع کرنے سے پہلے انہیں تیاری کا پورا وقت دیا جائے گا اور اس کی پہلے سے اطلاع دی جائے گی۔
سول ایوی ایشن ریگولیٹر کے اس حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسپائس جیٹ، گو ائر، انڈیگو اور وستارا نے بکنگ اب بھی جاری رکھی ہوئی ہے۔
انہوں نے صرف اتنا کہا ہے کہ بکنگ کی تاریخ چار مئی کے بجائے کچھ دن اور آگے بڑھادی ہے۔وہیں سرکاری ہوائی کمپنی ائرانڈیا اور نجی جہاز کمپنی ائر ایشیا نے بکنگ پوری طرح سے بند کی ہوئی ہے۔
اسپائس جیٹ اور گوائر کی ویب سائٹ پر 16 مئی یا اس کے بعد کے مسافروں کے لئے ٹکٹس کی بکنگ ہورہی ہے۔ وہیں انڈیگو اور وستارا یکم جون یا اس کے بعد کے مسافروں کے لئے ٹکٹس کی بکنگ کررہی ہے۔
سول ایوی ایشن کے وزیرہردیپ سنگھ پوری نے بھی ڈی جی سی اے کے حکم پر ٹوئٹ کرتے ہوئے جہازخدمات کمپنیوں کوابھی بکنگ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ نجی ائر لائنس ریگولیٹر کے حکم کے ساتھ وزیرکے مشورہ کو بھی نظرانداز کررہی ہیں۔