امریکہ نے ان غیر ملکی طلبا کا ویزا منسوخ کرنے اعلان کیا ہے، جن کے اسکولوں میں صرف آن لائن کلاسز ہیں، امریکہ نے کہا ہے کہ ملک میں ان کے داخلے پر پابندی ہوگی، موصولہ اطلاعات کے مطابق فی الحال امریکہ میں تقریباً 11 لاکھ سے بھی زائد افراد کے پاس اسٹوڈنٹ ویزا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ نے کہا کہ 'امریکہ میں اسٹوڈینٹ ویزا پر اس طرح کے طلبا کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔'
اس سلسلے میں آئی سی ای نے کہا ہے کہ 'اسٹوڈنٹ ویزا پر امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طلباء جن کے اسکولوں میں فی الوقت صرف آن لائن کلاسز دستیاب ہیں ان کے ملک میں داخلے پر پابندی ہوگی اور انہیں امریکہ چھوڑنا ہوگا۔'
ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت 1.1 ملین سے زائد غیر ملکی طلباء کے پاس اسٹوڈنٹ ویزا ہے۔ آئی سی ای کے مطابق F-1 کے طلباء تعلیمی سرگرمیوں میں مشغول ہیں جبکہ M-1 کے طلبا 'پیشہ ورانہ کورس ورک' کرتے ہیں۔