ریاست اتر پردیش کے ضلع مہارا ج گنج کے فریندا علاقے کے گاؤں میں دھان کی روپائی کر رہی چار لڑکیاں سمیت ایک خاتون آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے ہلاک ہوگئیں۔
اس حادثے کے بعد پورے علاقے میں ماتم کا ماحول چھا گیا تھا، مقامی لوگوں نے لاش کو قومی شاہراہ پر رکھ کر راستہ جام کر دیا تھا اور مہلوک کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کے ساتھ بجلی محکمہ کے خلاف سخت کاروائی کی مانگ کی تھی۔
انتظامیہ حادثے کے بعد حرکت میں آئی اور یہ خبر وزیر اعلیٰ اتر پردیش تک پہنچی، جس کے بعد متأثرین کے اہل خانہ کو 13 لاکھ روپیے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا۔
وہیں ضلع مجسٹریٹ امر ناتھ اپادھیائے نے بھروسہ دلایا کہ ضلع بستی کے بجلی شعبے کے چیف انجینیئر کے ذریعہ واقعے کی جانچ کرائی جائے گی، اور ملزمین کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
فریندا سے رکن اسمبلی بجرنگ بہادر سنگھ نے بھی اہل خانہ کے لیے اپنے غم کا اظہار کیا اور بتایا کہ 'وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی متأثرین کے لیے اپنے غم کا اظہار کیا ہے۔ اس مصیبت کی گھڑی میں ہماری حکومت ان کے ساتھ ہے اور ہر ممکن مدد کی جائے گی۔'