آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس نے کووِڈ 19 کے درمیان شدت کی گرمی میں رمضان المبارک کی آمد پر روزہ داروں کو کچھ مشورے دیے ہیں۔
طبّی کانگریس کے اعزازی جنرل سکریٹری ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے اپنے جارہ کردہ بیان میں کہا کہ 'کووڈ 19 اور شدت بھری گرمی کے درمیان آنے والا ماہ مبارک مزاج کے اعتبار سے گرم خشک ہوگا، اس لحاظ سے روزہ داروں کو خاص اہتمام کرنا ہے تاکہ روزہ رکھنے میں آسانی ہو اور کووِڈ 19 سے بھی محفوظ رہا جاسکے۔
ڈاکٹر سیّد احمد نے کہا کہ 'روزہ افطار اور سحری میں وہ غذائیں اور مشروب استعمال کیے جائیں جو ہماری ذاتی زندگی کے تجربات پر مشتمل ہوں۔ غذائیں اور مشروب وہی بہتر ہیں جو آسانی سے ہضم ہوجائیں اور پیاس کی شدت میں کمی لائیں۔
ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ 'موسم کے مزاج کے مطابق سرد و تر غذائیں اور مشروب کا استعمال کیا جائے جس سے روزہ کے دوران جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے پائے اور قوت مدافعت بھی برقرار رہے۔
انہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ زیادہ چکنائی اور تلی ہوئی غذائیں، برف، بیسن اور میدہ سے پرہیز کیا جائے۔ اسی طرح اے سی کی جگہ کولر اور پنکھوں سے کام لیا جائے جبکہ فریج کی جگہ مٹکا یا صراحی کے پانی کا استعمال کیا جائے نیز وضو کے وقت پیلو، نیم یا ببول سے مسواک کیا جائے اور سحری میں کھانے سے پہلے ایک یا دو گلاس سادہ پانی پیا جائے جبکہ چائے ترک کی جائے اور افطار میں پھلوں کے چاٹ، لیموں وغیرہ کا شربت اور شیک کا استعمال کیا جائے۔