کمیونسٹ پارٹی نے کہا کہ اس شکست نے دنیا کے سیاسی ، معاشی اور معاشرتی مساوات کے لئے ایک نئی راہ کھول دی ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنما اتل کمار انجان نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی شکست اور ڈیموکریٹ پارٹی کے جوبائیڈن کی فتح تنگ نظری اور نسل پرستی کے رجحانات کی شکست ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی پہلے ہندوستانی وزیر اعظم ہیں جنہوں نے امریکی صدارتی انتخاب میں کھل کر دخل اندازی کی۔
انہوں نے امریکی شہر ہیوسٹن کی ریلی میں ٹرمپ کی فتح کے لئے نہ صرف اپیل کی بلکہ سینکڑوں کروڑ روپے خرچ کرکے احمد آباد بلاکر 'نمستے ٹرمپ' کا انعقاد کیا۔پارٹی کے قومی سکریٹری انجان نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی کی غیر ملکی یونٹوں نے ہون ، پوجا وغیرہ کا اہتمام کرکے ٹرمپ کی فتح کے لئے امریکہ میں رہائش پذیر ہندوستانیوں سے کھلے عام اپیل کی۔ حقیقت میں ٹرمپ کی شکست نریندر مودی کی ذاتی شکست ہے۔