امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے مغربی ایشیا میں عدم استحکام کی صورت حال پیدا کرنے والی ایران کی مبینہ سرگرمیوں کے سلسلے میں فون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جڈ ڈیرے نے ایک بیان میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن سے بات کی۔اس دوران دونوں رہنماؤں نے خصوصی طورپر عدم استحکام پیداکرنے والی ایران کی سرگرمیوں اور سلامتی سے متعلق تشویش ظاہر کی ۔
دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ ہفتے ہونے والے 74ویں اجلاس میں ایک دوسرے سے ملنے کے سلسلے میں دلچسپی بھی ظاہر کی ہے۔
اس سے پہلے بدھ کو ٹرمپ نے وزیر خزانہ اسٹیون منوشن کو ایران کے خلاف اقتصادی پابندی میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔
امریکی صدر نے گذشتہ ہفتے سعودی عرب کے تیل پلانٹس پر کیے ڈرون حملوں میں ایران کے مبینہ طورپر ملوث ہونے کے پس منظر میں یہ ہدایت دی۔
امریکہ اور سعودی عرب نےاس حملے کے لیے ایران کو ذمہ دار ٹھہرایا ہےجبکہ حوثی باغیوں نے اس کی ذمہ داری لی ہے۔ایران نے امریکہ کے الزامات کی تردید کی ہے۔