بہار میں حزب اختلاف کے رہنما تیجسوی یادو کا آج یوم پیدائش ہے۔ اہل خانہ نے دیر رات گھر میں ہی تیجسوی یادو کا یوم پیدائش منایا، تیجسوی یادو کے بہنوئی اور والدہ رابڑی دیوی سمیت اہل خانہ موجود رہے۔
ایسے میں پارٹی کے کارکنان اپنے رہنما کی سالگرہ کو لے کر کافی پرجوش ہیں، تاہم پارٹی کے انتخابی نتائج کے حوالے سے جاری کردہ ایک پیغام میں کارکنان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی طرح کا جشن نہ کریں۔
آر جے ڈی نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر لکھا ہے 'تمام خیر خواہوں اور حامیوں سے ایک عاجزانہ درخواست ہے کہ حزب اختلاف کے رہنما تیجسوی یادو کی سالگرہ کو سادگی سے منانے کے ذاتی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے آپ گھر پر ہی رہیں، اور ان کی رہائش گاہ پر آکر ذاتی طور پر مبارکباد دینے سے پرہیز کریں، 10 نومبر کو ووٹوں کی گنتی کے لئے علاقے میں اپنی موجودگی برقرار رکھیں'۔
قبل ازیں آر جے ڈی نے پارٹی کے تمام کارکنان کو نتائج آنے کے بعد دانشمندی کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی تھی، آر جے ڈی نے ٹویٹ کیا 'تمام آر جے ڈی کارکنان کو یاد رکھیں، انتخابی نتائج جو کچھ بھی ہوں 10 نومبر کو اسے پورے تحمل، سادگی اور شائستگی کے ساتھ قبول کرنا ہوگا، بلا وجہ آتش بازی، ہرش فائرنگ، حریفوں یا ان کے حامیوں کے ساتھ ناشائستہ سلوک، وغیرہ کسی بھی قیمت پر قبول نہیں کیے جائیں گے۔'
تیجسوی کی سالگرہ پیر کو ہے اور منگل کو بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج، تیجسوی کے نام پر ایک نئی تاریخ رقم ہو سکتی ہے، اگر نتائج عظیم اتحاد کے حق میں آتے ہیں تو وہ بہار کے سب سے کم عمر کے وزیر اعلی ہوں گے۔ تیجسوی سے پہلے 32 برس کے ستیش پرساد سنگھ بہار کے وزیر اعلی رہ چکے ہیں، اور یہ کارنامہ 1968 میں میں ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: بہار انتخابات: نوجوان سیاست کو ایک نئی سمت دے رہے ہیں؟
تیجسوی یادو 31 برس کی عمر میں یہ کارنامہ کر گذریں گے، یکم جنوری 1936 کو پیدا ہوئے ستیش کے حکومت کی مدت محض پانچ دن تھی، تاہم تیجسوی کی یہ تاریخ رقم ہو گی یہ تو صرف نتائج پر منحصر ہے۔ اس وقت ایگزٹ پول کے بعد مباحثے کا بازار گرم ہے۔
اگر ایگزٹ پول کا اندازہ درست ہے تو تیجسوی قومی سطح پر بھی کم عمر کے وزیر اعلی ہونے کا ریکارڈ قائم کر سکتے ہیں، تاہم پڈوچیری کے ایم ایچ ایچ فاروق 29 برس کی عمر میں وزیراعلیٰ بن چکے ہیں۔ لیکن پڈوچیری کو ریاست کا درجہ حاصل نہیں ہے، یہ یونین کے زیر انتظام علاقہ ہے۔
روزگار اور مستقل ملازمتوں کو ایک مسئلہ بنا کر تیجسوی نے بہار میں عظیم اتحاد کے لیے سازگار ماحول بنایا، پورے انتخاب میں انہوں نے عظیم اتحاد کے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم باگ ڈور سنبھالی، انہوں نے کل 251 انتخابی اجلاس کیے حیرت انگیز بات تو یہ ہے کہ وہ آر جے ڈی، کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے تقریبا تمام امیدواروں کے علاقے میں گئے۔