شہر حیدرآباد کے کئی پرائیویٹ لیبز میں عارضی طورپر کورنا وائرس کی جانچ کو روکنے کے کیا اسباب ہیں، یہ ابھی تک واضح نہیں ہوسکا۔
ایک نجی اسپتال کے ڈاکٹر نے اسپتال اور خود کا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ 'دو جولائی سے پانچ جولائی تک شہر میں حاصل کئے جانے والے نمونوں کو روک دینے کا اعلان کیا گیا ہے'۔
گذشتہ 15دنوں سے یہ جانچ ان لیبز میں کی جارہی تھی تاہم محکمہ صحت کے عہدیداروں کی ٹیم نے ان پرائیویٹ لیبز کا معائنہ کیا۔ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور بعض لیبز میں نقائص کی نشاندہی کی ہے۔
اس کے پیش نظر کورونا کے نمونے حاصل کرنے والے اسٹاف ارکان کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈی جی کے معائنہ کے لئے چار دنوں تک کورونا کے نمونوں کو حاصل کرنے کو روکنے کا ان لیبز کے انتظامیہ نے اعلان کیا۔
تاہم ان لیبز نے واضح کیا کہ پرائیویٹ اسپتالز کی جانب سے لئے جانے والے نمونوں کی جانچ کا کام کیا جائے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ چھ جولائی سے جانچ کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔
اس سلسلہ میں محکمہ صحت وطبابت کی جانب سے سرکاری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔