کانگریس کے سینئر رہنما اور خزانچی احمد پٹیل کا آج صبح 3.30 بجے انتقال ہو گیا۔ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد گذشتہ ایک ماہ سے اسپتال میں داخل تھے۔
یہ اطلاع احمد پٹیل کے بیٹے فیصل پٹیل نے ٹویٹر پیغام میں دی۔ انہوں نے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ ''25 نومبر کو صبح 3.30 بجے میرے والد احمد پٹیل کا انتقال ہو گیا، ایک ماہ قبل کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ان کی صحت اچھی نہیں تھی، اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔''
اس کے قبل گرو گرام کے میدانتا اسپتال سے انکا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا تھا جس میں وہ صحت عملہ کی نگرانی میں چلتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔
واضح ہو کہ احمد پٹیل کا تعلق گجرات سے تھا اور وہ کانگریس کے تمام بڑے عہدوں پر فائز رہے۔ کانگریس کے خزانچی کے قبل وہ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی کے سیاسی صلاحکار تھے۔ اس دوران انہوں نے کانگریس کو آگے بڑھانے میں اہم کام کیا۔
ملک میں جنتا پارٹی کے عروج کے درمیان بھی احمد پٹیل کانگریس کی ٹکٹ پر گجرات سے لوک سبھا پہنچنےمیں کامیاب ہوئے تھے۔ وہ گجرات سے ہی راجیہ سبھا کے رکن تھے۔
احمد پٹیل کی عمر 71 سال تھی، ان کی پیدائش 21 اگست 1949 میں ہوئی تھی۔
احمد پٹیل نے 8 بار پارلیمنٹ میں گجرات کی نمائندگی کی۔ وہ 3 بار (1977-1989) لوک سبھا کے رکن رہے جبکہ 5 بار (1993 سے) راجیہ سبھا کے ممبر رہے۔
1976 میں گجرات کے بہروچ ضلع میں بلدیاتی انتخاب میں کامیابی کے بعد انہوں نے کبھی بھی پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔ اس کے بعد وہ کانگریس کے ریاستی و قومی سطح کے تمام بڑے عہدوں پر کام کرتے رہے۔
ستمبر 1985 میں احمد پٹیل اس وقت کے وزیر اعظم راجیو گاندھی کے پالیمنٹری سکریٹری بنے تھے۔