بھارت کے سابق وزیر خزانہ اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری سمجھوتے سے ہٹنے کے حکومت کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ اقتصادی بحران کے دور میں یہ فیصلہ صحیح ہے۔
مسٹر چدمبرم نے ٹویٹ کیا کہ سال 2012 میں ترقی پسند اتحاد (یوپی اے) حکومت کا آر سی پی ملکوں سے جڑنے کا فیصلہ صحیح تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس کا 2019میں مرکزی حکومت کا اس سمجھوتے سے پیچھے ہٹنے اور آر سی ای پی پر دستخط نہ کرنے کا مشورہ بھی صحیح ہے۔
حال میں اقتصادی بحران کے لئے قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے)حکومت کو قصوروار ٹہراتے ہوئے چدمبرم نے کہا کہ سال 2012 اور 2019 میں بڑا فرق یہ ہے کہ آج ملک کی اقتصادی حالت متاثر ہورہی ہے اور اس کے لئے این ڈی اے کا غیر فعال انتظامیہ ذمہ دارہے۔
واضح رہیں مسٹر چدمبرم آئی این ایکس میڈیا گھپلہ معاملہ کے الزام میں تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ انھوں نے ٹویٹ کرکے اپنی بات کہنے کےلئے اپنے خاندان کے اراکین کو مدد لی ہوئی ہے۔