مدھیہ پردیش میں راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کا آج آخری دن ہے۔ کانگریس کی جانب سے ریاست کے سابق وزیراعلی دگ وجئے سنگھ گزشتہ روز پرچۂ نامزدگی داخل کرچکے ہیں۔اس کے علاوہ کانگریس کے امیدوار پھول سنگھ بدھوریا آج اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کریں گے۔
بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد پہلی بار جیوترادتیہ سندھیا گزشتہ کل بھوپال پہنچے اور یہاں بی جے پی کارکنان نے ان کا جم کر استقبال کیا، جیوتیرادتیہ سندھیا بھی راجیہ سبھا سیٹ کے لیے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کریں گے۔
مدھیہ پردیش کے تمام قد آور رہنما شیوراج سنگھ چوہان، نریندر سنگھ تومر، گوپال بھارگو اور نروتم مشرا بھی ان کے ساتھ موجود رہیں گے۔ اس کے علاوہ بی جے پی کی جانب سے راجیہ سبھا کے لیے دوسرے امیدوار بنائے گئے ڈاکٹر سمیر سنگھ سولنکی بھی اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کریں گے۔
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش میں راجیہ سبھا کی تینوں سیٹوں کے لیے 26 مارچ کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور اسی دن اس کا نتیجہ بھی آجائے گا، پرچۂ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 18 مارچ ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مدھیہ پردیش میں راجیہ سبھا کی تیوں سیٹیں خالی ہوئی ہیں لیکن کانگریس اور بی جے پی نے صرف دو-دو امیدوار ہی میدان میں اتارے ہیں یعنی کہ تیسری سیٹ کے لیے دونوں پارٹیوں کے درمیان رسہ کشی جاری ہوگی۔ کیونکہ اس موقع پر تمام اراکین اسمبلی کے کراس ووٹنگ ہونے کا زیادہ امکان ہے۔
مدھیہ پردیش سے دگ وجئے سنگھ، پربھات جھا اور ستیہ نارائن جٹیا کی میعاد کار نو اپریل کو ختم ہورہی ہے جس میں سے صرف ایک امیدوار دگ وجئے سنگھ ہی دوبارہ سے پرچۂ نامزدگی داخل کررہے ہیں۔