قومی دارالحکومت دہلی کے شاہین باغ میں تقریبا ایک ماہ سے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ یہاں بڑی تعداد میں خواتین دہلی سے نوئڈ کو جوڑنے والے ہائوے پر دھرنا دے رہی ہیں۔ جس وجہ سے ہائوے جام ہے۔ یہاں کسی بھی گاڑی کی آمد و رفت نہیں ہو رہی ہے۔ لیکن آج جب یہاں کچھ لوگ ایک ارتھی لے کے گزرے تو ان خواتین اور مظاہرین نے ارتھی کے لیے راستہ چھوڑ دیا۔
دراصل شام چار بجے کے آس پاس سریتا وہار سے ایک ارتھی نکلی، اس ارتھی کو 20 سے 30 لوگ کاندھا دیتے ہوئے اسی راستے سے نکلے جہاں شاہین باغ میں مظاہرے ہو رہے ہیں اور اس کی وجہ سے سارے راستے بند تھے۔ جیسے ہی ارتھی کو مظاہرہ کے مقام کی طرف آتا دیکھا گیا، ویسے ہی رضاکاروں نے تیزی سے راستہ صاف کیا اور ارتھی آسانی سے گزر گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا کہ کیسے مظاہرین ارتھی کو دیکھ کر اس کے لیے راستہ چھوڑ رہے ہیں۔ ارتھی لے جانے والے رام نام ستیہ ہے کے نعرے لگاتے ہوئے ارتھی کو لے جا رہے ہیں۔ وہیں پاس میں موجود رضاکار کہتے یہ کہتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کے کنارے سے جانے دو۔