کانگریس رہنما پی سی چاکو نے کہا کہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس میں اتحاد ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد انتخابی نتائج پر منحصر ہے اور یہ نتائج ایگزٹ پولس سے مختلف ہوں گے۔ انتخابات کے بعد تمام ایگزٹ پولس نے عام آدمی پارٹی کی واضح اکثریت کی پیش قیاسی کی ہے۔
چاکو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اتحاد انتخابی نتائج پر منحصر ہے جو 11 فروری کو آئیں گے۔ فی الحال یہ موضوع قبل از وقت ہوگا جب وقت آئے گا ہم اس بارے میں سوچیں گے فی الحال اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل ام وقت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایگزٹ پولس غلط ثابت ہوں گے جس میں کہا گیا ہے کہ کانگریس پارٹی صفر تک سمٹ جائے گی۔ حالانکہ ایگزٹ پولس ہمیشہ صحیح نہیں ہوتے جیسا کہ چھتیس گڑھ اور جھارکھنڈ انتخابات میں دیکھا گیا۔ چاکو نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پارٹی اس بار بہتر مظاہرہ کرے گی۔
انہوں نےکہا کہ اگر پولس صحیح ہوتے تو انتخابات کی ضرورت پیش نہیں آتی اس قسم کے پولس چھتیس گڑھ اور جھارکھنڈ میں ہم دیکھ چکے ہیں۔ چاکو نے کہا کہ وہ پولس کی حقیقت سے انکار نہیں کررہے ہیں لیکن وہ ہمیشہ مکمل طور پر سچ نہیں ہوتے۔ کانگریس اس بار بہتر مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں کہتا کہ کانگریس اکثریت حاصل کرے گی لیکن ان کی جگہ بہتر ہوگی۔
ایگزٹ پولس نے عام آدمی پارٹی کو دو تہائی اور بعض نے تین چوتھائی اکثریت دی ہے۔ ان پولس میں بتایا گیا کہ کانگریس کا مکمل صفایہ ہوگا۔ ووٹوں کی گنتی 11 فروری کو مقرر ہے۔