آج ملک 73 واں جشن آزادی منا رہا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں سب سے پہلے ملک کے 130 کروڑ عوام کو اس دن کی مبارکباد دی اور ان اعلی شخصیات نیز مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کیا اور ملک کو انہیں فراموش نہ کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے رکشا بندھن کی بھی باشندگان ملک کو مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک نے مجھے ایک بار پھر لال قلعے کی فصیل سے خطاب کا موقع دیا ہے جس کے لیے میں قوم کا ممنون ہوں۔
انہوں نے اس موقع پر اپنی سابقہ حکومت کی حصولیابیاں شمار کرائیں نیز آنے والے دنوں کے حکومتی منصوبے سے بھی عوام کو روشناس کرایا۔
وزیراعظم نے حالیہ فیصلوں کو بھی حمایت کی۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے خصوصی درجے والی دفعہ 370 کی منسوخی کا بھی دفاع کیا اور وادی کی چہار طرفہ ترقی و خوشحالی کا بھی عہد کیا۔
ایک ساتھ تین طلاق (طلاق ثلاثہ) پر بھی انہوں نے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم بہنوں کو مساوی حقوق دینے اور انہیں طلاق بدعت سے نجات دلانے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے جس کے معاشرے پر اچھے ثمرات منتج ہوں گے۔
اس موقع پر ملک کی قد آور شخصیات موجود رہیں۔ تمام سیاسی پارٹی کے سینیئر رہنما، اپوزیشن لیڈران، مختلف شعبہ حیات کی سرکردہ شخصیات وزیراعظم کا خطاب سننے کے لیے وہاں کثیر تعداد میں جمع تھیں۔