اس موقع پر ریلوے اور صنعت و تجارت کے وزیر پیوش گوئل نے 500 کلومیٹر ڈیڈیکیٹیڈ فریٹ کوریڈور کو مکمل کرنے کے لیے مبارکباد پیش کی اور مارچ 2020 تک 991 کلو میٹر کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کے شعبہ میں تبدیلی لانے میں ڈی ایف سی کا اثر پڑے گا۔
سامان کے نقل و حمل اور مسافروں دونوں کے لیے تیز رفتاری کو یقینی بنانے کے لیے الگ الگ ٹریک ضروری ہے۔
پیوش گوئل نے کہا کہ انڈین ریلوے کو راستوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور مال گاڑیوں کی اوسطاً رفتار کو بڑھانے کے لیے قافلوں میں چلنا چاہیے۔
ٹھیک اسی طرح سے جس طرح آئی آر سی ٹی سی اپنے تیجس ٹرینوں میں تاخیر کے لیے معاوضے کی ادائیگی کرتا ہے ، ریلوے کے مال صارفین کو مال گاڑیوں کے تاخیر سے آنے پر معاوضہ دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے ڈی ایف سی سی آئی ایل پر چلنے والی مال گاڑیوں ٹائم ٹیبل کے مطابق چلانے پر زور دیا ۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ڈی ایف سی سی آئی ایل بھارتی معیشت کو ایک شکل دینے میں اہم رول ادا کرے گا۔
پیوش گوئل نے مزید کہا کہ 'انڈین ریلوے تیز رفتار اور جدید ٹرینیں چلانے کے لیے ریلوے نیٹ ورک کو اَپ گریڈ کر رہا ہے۔ خاص طور پر تیز رفتار اور جدید ٹرین چلانے کے لیے دہلی۔ممبئی اور دہلی۔ہوڑہ سیکشن کو اَپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 98.5 فیصد اراضی خرید کر ڈی ایف سی سی آئی ایل منصوبے کی تکمیل کے لیے تیزی سے کام کر رہا ہے۔
ڈی ایف سی سی آئی ایل کے مینیجنگ ڈائریکٹر انوراگ سچان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیوش گوئل کی جانب سے مسلسل تعاون کی ستائش کی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ ڈی ایف سی سی آئی ایل کی ٹیم منصوبے کی بر وقت تکمیل کے لیے جد و جہد کرے گی۔