ایئر انڈیا نے آج بتایا کہ یوروپ سے وطن واپسی کے خواہشمند بھارتیوں کے لئے ویب سائٹ سے راست ٹکٹ بکنگ کی سہولت 10 جون کو بھارتی وقت کے مطابق دوپہر بعد 1:30بجے شروع ہوگی۔ 'پہلے آؤ، پہلے پاؤ' کی بنیاد پر مسافروں کو سیدھے ویب سائٹ سے بکنگ کرانے کی سہولت دی گئی ہے۔
اس کے لئے شخص کا مقامی ہائی کمیشن دفتر میں رجسٹر ہونا لازمی ہے۔ امریکہ اور کناڈا میں رہنے والے بھارتی شہریوں کیلئے پہلے ہی یہ سہولت شرو ع کی جاچکی ہے۔ ساتھ ہی اوور سیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) کارڈ ہولڈروں کے لئے بھی یہ سہولت دی گئی ہے۔
غیرممالک میں پھنسے بھارتیوں کو وطن لانے کے لئے چھ مئی سے شروع کئے گئے 'وندے بھارت مشن' کے پہلے دو مرحلوں میں صرف وہی لوگ ٹکٹ بک کراسکتے تھے، جن کا انتخا ب اس ملک میں واقع بھارتی سفارتخانہ یا ہائی کمیشن کی طرف سے کیا جاتا ہے۔
ترجیحی فہرست میں نام آنے کے بعد مسافر کو سفارتخانہ کی طرف سے اس کی اطلاع ملتی تھی اور ٹکٹ کی بکنگ کے لئے ایئرلائنس ان سے رابطہ کرتا تھا۔ مشن کا تیسرا مرحلہ دس جون سے شروع ہورہا ہے جس کے تحت آہتہ آہستہ ترجیحی فہرست کا نظام ختم کرنے کا منصوبہ ہے۔