کانگریس کے رہنما احمد پٹیل، سی پی آئی کے رہنما ڈی راجہ، سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری ستارام یچوری، ڈی ایم کے کے کنی موزی اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا نے صدر سے ملاقات کی اور دہلی تشدد معاملے میں صدر کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس رپورٹ میں مرکزی وزارت داخلہ کے اشارے پر شہریت ترمیمی ایکٹ، قومی شہریت رجسٹر اور قومی آبادی رجسٹر کے خلاف پرامن مظاہرین کو نشانہ بنایا جارہا ہے، جبکہ حکمراں جماعت کے رہنماؤں کی اشتعال انگیز تقریر کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی، حکمران جماعت کے سینیئر رہنماؤں کے علاوہ کابینہ کے وزیر نے اشتعال انگیز تقریریں کی ہیں۔
حزب اختلاف کے رہنماؤں نے صدر کووند کو سونپے گئے میورنڈم میں یہ بھی کہا کہ دہلی تشدد کی تحقیقات میں متعدد بے گناہ انسانی حقوق کے کارکنوں، مشہور علماء اور سیاسی رہنماؤں کو پولیس نے نشانہ بنایا، فرقہ وارانہ تشدد میں ملوث سازشیوں کو بچانے کے لیے تحقیقات کے نام پر سازش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف تشدد کا نشانہ بننے والے افراد کو ہی گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ مجرم آزاد گھوم رہے ہیں۔
واضح ر ہے کہ بدھ کے روز دہلی پولیس نے دہلی پر تشدد کے سلسلے میں 17500 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی، پولیس نے چارج شیٹ میں دعویٰ کیا کہ ان کے پاس الزامات کو ثابت کرنے کے لیے کافی ثبوت موجود ہیں۔