تلنگانہ کے ضلع ورنگل رورل کے خانہ پور منڈل کا رہنے والا پرمیشور شخص جو ذہنی طور پر معذور ہے، چار برس قبل اچانک لاپتہ ہوگیا تھا۔
آٹھ برس قبل پرمیشور کی والدہ کی موت ہوگئی تھی جس کے بعد سے ہی وہ ذہنی طور سے معذور ہوگیا،اس کی بیوی منجولا،دو بیٹیاں اور بیٹا حیدرآباد منتقل ہوگئے کیونکہ وہ اکثر ان کی پٹائی کرتا تھا۔
اسی دوران چار برس قبل پرمیشور ٹرین میں سوار ہوکر مختلف مقامات سے ہوتے ہوئے راجستھان کے جیسلمیر میں واقع پاکستان کی سرحد کے قریب پہنچ گیا۔
اس نے سرحد پارکرتے ہوئے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر بھارتی فوجیوں نے اسے حراست میں لے لیا اور اس سے پوچھ گچھ کی۔
پوچھ گچھ میں پتہ چلا کہ اس کا تعلق خانہ پور سے ہے۔چونکہ وہ تیلگو کے علاوہ دوسری کوئی زبان نہیں جانتا تھا اسی لیے دوسری تیلگو ریاست آںدھراپردیش کے ضلع چتور سے تعلق رکھنے والے ایک فوجی عہدیدار سریش بابو نے اس کی بات سمجھی اور اس مسئلہ پر خانہ پور کے سب انسپکٹر سائی بابو کو فون کرکے اس بات کی اطلاع دی۔
سب انسپکٹر نے فوج کو بتایا کہ پرمیشور کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے اور ذہنی طور پر متاثر ہونے کی وجہ سے وہ گھر سے چلاگیا ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع متاثر شخص کی بیوی اور بچوں کو اطلاع دی گئی جس کے بعد وہ راجستھان پہنچے اور انھیں اپنے گھر واپس لے آئے۔