ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں عالمی وبا کورونا وائرس سے 5,991 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بدھ کے روز بتایا گیا کہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی جانب سے کیے گئے ٹیسٹوں کی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور یہ اعداد و شمار آج تک 50,61,332 ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں آئی سی ایم آر نے 1,45,216 سیمپل کا ٹیسٹ کیا ہے اور وہ مسلسل اپنی ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ کر رہا ہے۔
ملک میں اس وقت کورونا ٹیسٹ کرنے والی سرکاری لیبارٹریز کی تعداد 590 اور پرائیویٹ سیکٹر کی تعداد 233 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت نے بتایا کہ ممبئی، احمدآباد، چنئی، کولکاتہ، دہلی اور بنگلور میں کووِڈ-19 کے بڑھتے کیسز پر ٹیکنیکل تعاون اور ریاستی حکومت کی مدد کرنے کے لیے مرکزی ٹیموں کی تعینات کیا جا رہا ہے۔ یہ ٹیمیں اگلے ایک ہفتے تک ان شہروں کا دورہ کریں گی اور وہاں صحت عامہ کے لیے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیں گی اور صحت، خاندانی فلاح و بہبود کی وزارت اور متعلقہ ریاستوں کے محکمہ صحت کو ہر دن اپنی رپورٹ دیں گی۔ اس میں فوراً مسائل کے پیش نظر کی جانے والی کارروائی اور دیگر سفارشات شامل ہیں۔