ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار سے زیادہ افراد جان لیوا وبا سے شفایاب ہو چکے ہیں اور اس بیماری سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 11.86 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 'گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40،574 افراد اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحتمند افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 11،86،203 ہوگئی ہے۔
اسی عرصہ کے دوران 771 اموات سے مجموعی تعداد 38،135 ہوگئی۔ بیشتر ریاستوں میں صحت مند ہونے والوں کی تعداد بڑھنے سے ایکٹیو کیسز کی تعداد 5،79،357 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مریضوں کی تعداد میں 677 کی کمی واقع ہوئی ہے جس سے ایکٹیو کیسز 1،48،843 رہ گئے اور 260 اموات کے ساتھ مجموعی تعداد 15،576 ہوگئی۔
مزید پڑھیں: بھارت میں کورونا کیسز 18 لاکھ سے زائد
اس عرصے کے دوران 9926 افراد شفایاب ہوئے ، جس سے صحتمند افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 76 ہزار 809 ہوگئی۔ ملک میں اب تک سب سے زیادہ فعال کیسز اسی ریاست میں ہیں۔
جنوبی ریاست کرناٹک میں اسی عرصے کے دوران مریضوں کی تعداد میں 1371 کا اضافہ ہوا ہے اور اب یہاں 74،598 ایکٹیو کیسز ہیں۔ ہلاک شدگان کی تعداد 84 سے بڑھ کر 2496 ہوگئی ہے۔ ریاست میں اب تک شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد مجموعی طور پر 57،7258 ہوگئی ہے۔