مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کے روز بیان دیا ہے کہ جموں و کشمیر میں کوئی تحدیدات نہیں ہیں اور پوری دنیا نے دفعہ 370 کی منسوخی کی حمایت کی ہے۔
امت شاہ نے دعوی کیا کہ جموں و کشمیر اگلے 5 تا 7 برسوں میں ملک کی سب سے ترقی یافتہ خطہ ہوگا کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 5 اگست کو اتنہائی دلیرانہ اقدام کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'وہ وادی میں پابندی کی جھوٹی خبریں پھیلا رہی ہے اور یہ صرف آپ کے دماغ میں ہیں۔' انہوں نے نیشنل سکیورٹی پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'پابندیوں سے متعلق صرف جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔'
وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست میں 196 پولیس اسٹیشن ہیں جن میں سب ہی اسٹینشوں سے کرفیو ہٹا دیا گیا ہے۔ صرف 8 پولیس اسٹیشنوں میں دفعہ 144 نافذ ہے جہاں 5 سے زائد افراد جمع نہیں ہوسکتے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا حوالہ دیتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ 'پوری دنیا نے دفعہ 370 کی منسوخی پر بھارت کا ساتھ دیا ہے۔ پوری دنیا کے قائدین 7 دنوں کے لیے نیویارک میں جمع ہوئے تھے اور کسی نے بھی جموں و کشمیر کے تعلق سے ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ '
وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے یہ ایک بہت بڑی سفارتی جیت ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ کئی دہائیوں سے جاری عسکریت پسندی میں 41,800 افراد ہلاک ہوچکے ہیں لیکن کسی نے بھی فوجیوں اور ان کی بیواؤں اور بچوں کے انسانی حقوق کے لیے آواز نہیں اٹھائی۔'
چند دنوں سے جاری انٹر نیٹ اور موبائیل خدمات کی معطلی پر لوگ ہنگامہ کھڑا کررہے ہیں لیکن فون کنکشن پر پابندی انسانی حقوق کی پامالی نہیں ہے۔
انہوں نےکہا کہ 'پچھلے دونوں مہینوں کے دوران 10 ہزار لینڈ لائن کنکشن فراہم کیے گئے ہیں جبکہ 6 ہزار پبلک فون بوتھ بھی بڑھائے گئے ہیں۔' ان کا کہنا ہے کہ دفعہ 370 کی تنسیخ سے ملک کی سالمیت اور اتحاد مضبوط ہوگا۔