ڈاکٹر جے شنکر نے جواہر لال نہرو بھون میں پاسپورٹ سروس کے دن اور پاسپورٹ افسران کی کانفرنس کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ وزیر خارجہ محترمہ سشما سوراج کے ذریعہ شروع کی گئی پاسپورٹ سروس میں انقلابی بہتری کو جاری رکھا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ڈاک کے تعاون سے اب تک 413 ڈاک خانوں میں پاسپورٹ سروس مرکز کھولے جاچکے ہیں۔اس کے علاوہ 93پاسپورٹ دفتروں کو ملا کر 505پاسپورٹ سروس مرکز ملک میں سالانہ تقریباً ایک کروڑ پاسپورٹ جاری کررہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ اور چین کے بعد ہندوستان دنیا میں تیسرا سب سے زیادہ پاسپورٹ جاری کرنے والا ملک بن چکا ہے۔ملک میں اس وقت تقریباً ساڑھے آٹھ کروڑ شہریوں کے پاس پاسپورٹ ہیں اور ملک کے ہر لوک سبھا حلقے میں کم از کم ایک پاسپورٹ سروس مرکز کھولنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جلد ہی الیکٹرانک چپ والے پاسپورٹ جاری کیے جانے لگیں گے۔
ذرائع کے مطابق ای پاسپورٹ اسی سال سے جاری ہونے لگیں گے۔لوگوں کے پاسپورٹ کی تجدید کاری کے وقت سب کو ای پاسپورٹ ہی جاری کیے جائیں گے۔