بھارت میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ یہاں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 86 ہزار سے زائد کیسز درج کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے اس وبا سے متاثرین کی تعداد 57 لاکھ 32ہزار 519 ہوگئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے جاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں کووڈ 19 سے متاثرین کی تعداد گذشتہ 24 گھنٹے میں 86508 شناخت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 1129 افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔
بھارت میں کورونا وائرس کے 9 لاکھ 66 ہزار 382معاملات فعال ہیں، جب کہ 46 لاکھ 74 ہزار 988 افراد اس بیماری سے ٹھیک ہو چکے ہیں، وہیں مرنے والوں کی کل تعداد 91 ہزار 149 ہوگئی ہے۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے مطابق ، 23 ستمبر 2020 تک 67436031 افراد کی کورونا ٹیسٹ ہو چکی ہے۔ وہیں گذشتہ روز 1156569 کورونا ٹیسٹ ہوئے تھے۔
وزارت صحت کے مطابق مہاراشٹرا میں 273883 ، کرناٹک میں 94671 ، آندھرا پردیش میں 70357 فعال معاملات ریکارڈ ہوئے ہیں۔