صدر رام ناتھ کووند نے نائب صدر کے طور پر تین سال مکمل کرنے کے موقع پر ونکیا نائیڈو کو مبارکباد دی۔
کووند نے نائیڈو کو بھیجے گئے مبارکبادی خط میں لکھا کہ 'یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے آپ کے ساتھ کام کرنے اور ملک کے عوام کی خدمت کرنے کا موقع ملا۔ بطور نائب صدر آپ آنے والی نسل کو یہ سیکھ دینے کے لئے سر چشمہ بن چکے ہیں کہ کس طرح ذہانت، توانائی، جوش و جذبے اور امنگ کو قومی تعمیر کے لئے درکار مثبت اقدامات میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
صدر مملکت نے راجیہ سبھا کے چیئرمین کی حیثیت سے ایوان کو بے مثال طریقے سے چلانے کے لئے نائیڈو کی زبردست ستائش کی۔
انہوں نے لکھا کہ 'قانون اور آئین کے بارے میں آپ کی وسیع تر سمجھ نے آپ کو عوامی خدمات کے لئے صحیح فیصلہ کرنے میں موثر بنایا ہے۔ آپ کا عوامی طرز عمل فطری ہے، جو ایک جامع اور مضبوط بھارت کی تعمیر میں آخری فرد تک کو بھی متاثر کرنے میں بھی معاون و مددگار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لبنان میں بحران کے درمیان حکومت کا استعفی
انہوں نے لکھا کہ 'نائب صدر کی حیثیت سے تین سال پورے کرنے کے موقع پر میں ایشور سے آپ کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں اور آپ اور آپ کے اہل خانہ سے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں'۔