فٹ بال کی تاریخ کے سب سے بڑے کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کی موت پر مرکزی وزیر کھیل کرن رجیجو، کانگریس کے سابق صدر اور سینیئر رہنما راہل گاندھی اور بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیر کھیل رجیجو نے ٹوئٹ کیا کہ 'اب کوئی اور میراڈونا پیدا نہیں ہوگا'۔
انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ 'اب کوئی اور میراڈونا دوبارہ پیدا نہیں ہوگا۔ وہ پہلا فٹبال سپر سٹار تھا جسے ہم نے ٹیلی ویژن پر براہ راست دیکھا تھا'۔
رجیجو نے کہا کہ 'میں کبھی فٹ بال کے شہنشاہ پیلے اور بے مثال گارینچہ کو براہ راست کھیلتے ہوئے نہیں دیکھ سکا لیکن میں اتنا خوش قسمت ہوں کہ مجھے میراڈونا کے جادو کو براہ راست دیکھنے کا موقع ملا! 'فٹ بال کے بھگوان' کو خراج عقیدت'۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ان کی موت پر خراج عقیدت پیش کیا، راہل نے ٹوئٹ کیا کہ'ڈیاگو میراڈونا، ایک افسانوی شخصیت چھوڑ کر چلی گئی'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'وہ ایک جادوگر تھے جس نے بتایا کہ فٹ بال کا کھیل اتنا خوبصورت کیوں ہے، ان کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں سے میری تعزیت'۔
بی سی سی آئی کے صدر سوربھ گانگولی نے ٹوئٹ کرکے میراڈونا کو یاد کیا، انہوں نے کہا کہ 'میرا جینیس اب ہمارے درمیان نہیں رہا۔ میں صرف آپ کے لیے فٹ بال دیکھتا تھا'۔
بھارت میں 'کرکٹ کے بھگوان' کا درجہ حاصل کرنے والے سچن تندولکر نے بھی ٹوئٹ کیا اور ڈیاگو میراڈونا کو خراج تحسین پیش کیا۔
تندولکر نے ٹوئٹ کیا کہ 'فٹ بال اور کھیلوں کی دنیا نے آج ایک عظیم کھلاڑی کو کھو دیا۔ آپ ہمیشہ یاد کیے جائیں گے'۔