:
رچرڈ ٹونگی ضلع اورنگ آباد کے مولانا آزاد کالج میں تعلیم حاصل کیا کرتے تھے، وہ وانکھیڑے نگر میں واقع کاشی ناتھ گاؤلی کے پڑوس میں رہا کرتے تھے۔
کاشی ناتھ گاؤلی کی ایک کرانہ دکان تھی جہاں سے رچرڈ ضروریات زندگی کا کافی سامان ادھار پر لیا کرتے تھے کیونکہ اس وقت رچرڈ کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزاررہے تھے۔
رچرڈ اس دکان کا 200 روپےبقایا ادا کرنا بھول گئے اور کینیا واپس چلے گئے تھے جب انھیں اس ادھار کے بارے میں یاد آیا تب انھوں نے اس بات کا تہیہ کرلیا تھا کہ انھیں جب بھی بھارت آنے کا موقع ملے گا وہ گاؤلی کرانہ دکان کا ادھار ضرور ادا کریں گے۔
آج رچرڈ ٹونگی کینیا کے رکن پارلیمان و وزیر خارجہ ہیں، گزشتہ دنوں انھوں نے دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی تھی۔
رچرڈ نے اورنگ آباد آتے ہی گاؤلی خاندان کی تلاش شروع کردی، چونکہ 34 برس کا عرصہ گزرجانے کے بعد شہر کافی بدل چکا تھا اس لیے انھیں گاؤلی خاندان کو ڈھوندنے میں تھوڑی دقت اٹھانی پڑی لیکن دو گھنٹے کی مشقت کے بعد انھیں وہ مل گئے۔
گاؤلی خاندان رچرڈ کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے تھے لیکن جب رچرڈ یہاں پہنچے اور کاشی ناتھ کو پورے واقعہ سے آگاہ کرتے ہوئے انھیں 200 روپئے ادھار ادا کرنے کی کوشش کی تو اس موقع پر کاشی ناتھ کافی جذباتی ہوگئے اور انھوں نے پیسے لینے سے انکار کردیا۔
کاشی ناتھ نے رچرڈ اور ان کی بیوی کو کھانے کی دعوت دی، اس موقع پر رچرڈ نے اپنی بیوی کو بتایا کہ گاؤلی خاندان نے ان کی بہت مدد کی تھی اس موقع پر رچرڈ کافی جذباتی ہوگئے۔