عام آدمی پارٹی کی جیت کا جشن دلی سے گیا تک منایا گیا۔
سابق وزیراعلی و ہندوستانی عوام مورچہ کے قومی صدر جیتن رام مانجھی نے دلی کی عوام کاشکریہ اور کیجریوال کومبارک باد پیش کیا ہے۔
ریاست بہار کے ضلع گیا میں عام آدمی پارٹی کا کوئی اثر نہیں ہے اور یہاں آپ کی بڑی ٹیم بھی نہیں ہے تاہم کارکنان نے بڑی پارٹیوں کی طرح ہی یہاں بھی جیت کا جشن منایاہے۔
شام میں پارٹی دفتر میں خوب ڈھول نگاڑے بجے ، کارکنان نے مٹھائیاں تقسیم کی اور ایک دوسرے کو گلال لگاکر مبارک باد پیش کی۔
شہرکے جیل روڈ میں واقع سوہن کمپلیکس میں صبح کاونٹنگ کے ساتھ جیت کے رجحانات آتے ہی خوشی کاماحول قائم ہوگیاتھا تاہم شام کو جشن منایاگیا۔
کارکنان نے کیجریوال کی جیت ترقیاتی ماڈل اور دلی کی جیت بتایا ہے۔
عام آدمی پارٹی کی اکثریت کے ساتھ جیت پر ہندوستانی عوام مورچہ سیکولر کے قومی صدر وسابق وزیراعلی جیتن رام مانجھی نے بھی خوشی کااظہار کیا ہے ۔
جیتن رام مانجھی نے کہاکہ ’کجریوال کی جیت کی پہلے سے امید تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ انتخاب کے دوران جس طرح سے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امت شاہ نے اپنے عہدے جس طرح سے تشہیر کررہے تھے، اس سے کچھ امید کم ہوئی تھی تاہم جس طرح سے دلی کی عوام نے عام آدمی پارٹی کو واضح اکثریت دی ہے، وہ قابل ستائش ہے اور مبارک باد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نفرت کی ہار ہوئی ہے، محبت اور ترقی کی جیت ہوئی ہے۔