مشہور تلگو فلم اداکار پون کلیان زیرقیادت جناسیناپارٹی کے آندھرا پردیش میں مستقبل میں ہونے والے تمام انتخابات میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے لڑنے اور اس طرح ریاست میں نئے سیاسی محاذ کی تشکیل کی اطلاعات کے درمیان آج صبح قومی دارالحکومت نئی دہلی میں اداکار نے بی جے پی کے صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی۔
ان کے ساتھ اے پی بی جے پی کے لیڈران بھی تھے۔پون کلیان نے نومنتخب بی جے پی صدر نڈا کو مبارکباد پیش کی۔
واضح رہے کہ جناسینا پارٹی نے ریاستی اسمبلی انتخابات میں بی ایس پی کے ساتھ اتحاد کے ذریعہ حصہ لیا تھا تاہم ریاست میں جناسیناپارٹی کو اسمبلی کی صرف ایک ہی نشست پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پون کلیان نے کہا کہ اے پی کے تین دارالحکومتوں کے قیام کے مسئلہ کو وزیراعظم مودی، وزیرداخلہ امیت شاہ کے علم میں لانے کے سلسلہ میں حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس جھوٹ بول رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ دارالحکومت کی تبدیلی کے مسئلہ میں مرکزی حکومت، وزیراعظم مودی اور وزیرداخلہ کا کوئی رول نہیں ہے وائی ایس آر کانگریس کے لیڈران اپنی اراضیات کے کاروبار کے لیے دارالحکومت کو تبدیل کررہے ہیں۔ اپنی خودغرضی کے لیے دارالحکومت کو تبدیل کیاجارہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ 2فروری کو بی جے پی،جناسینا مل کر دارالحکومت کے کسانوں کی حمایت اور آندھراپردیش کے مستقبل کے لئے لانگ مارچ منعقد کریں گے۔