ٹاس جیت کر ممبئی نے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔
روہت شرما اور کوئنٹن ڈی کاک نے اچھی شروعات کی اور پاور پلے میں ٹیم کا اسکور 57 رنز تک پہنچا دیا خطرناک بنتی جا رہی اس سلامی جوڑی کو امیت مشرا نے ساتویں اوورز کی پہلی گیند پر روہت شرما کو آؤٹ کر کے توڑا۔
اس کے بعد کوئنٹن ڈی کاک اور سوریہ کمار یادو نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن رنوں کی رفتار کافی سست تھی، ڈی کاک 27 گیندوں میں 35 رنز اور سوریہ کمار یادو نے 27 گیندوں میں 26 رنز بنائے، آخری اوورز میں پانڈیا برادران جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور 168 رنوں تک پہنچایا، کرونال پانڈیا نے 26 گیندوں میں 37 رنز جبکہ ہاردک نے 15 گیندوں میں 32 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔
دہلی کی جانب سے کگیسو ربادا سب سے کامیاب گیندباز رہے، انہوں نے 2 وکٹ حاصل کیے جبکہ امیت مشرا اور اکشر پٹیل کو ایک ایک وکٹ ملا۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری دہلی کیپیٹلز کی شروعات اچھی رہی، سلامی جوڑی پرتھوی شاہ اور شکھر دھون نے تیزی سے رنز بنائے لیکن ساتویں اوور میں دھون کے آؤٹ ہونے کے بعد رنوں کی رفتار دھیمی ہوتی گئی اور ٹیم ہدف سےدور ہوتی گئی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 128 رنز ہی بنا سکی اور 40 رنوں سے میچ گنوادیا۔
دہلی کی جانب سے پرتھوی شاہ نے 20 رنز، سکھر دھون نے 35 رنز اور اکشر پٹیل نے 26 رنز بنائے، اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکا۔
ممبئی کی جانب سے راہل چہر نے شاندار گیند بازی کی اور دہلی کے 3 بلے بازوں کو پویلین پہنچایا، اس کے علاوہ بمراہ نے 2 جبکہ ہاردک پانڈیا، لستھ ملنگا اور کرونال پانڈیا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئے۔
ممبئی کی 9 میچوں میں یہ چھٹی جیت ہے اور اب وہ پوانٹس ٹیبل میں دوسرے مقام پر پہنچ گئی ہے جبکہ دہلی کی یہ 9 میچوں میں چوتھی شکست ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے مقام پر ہے۔