کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ 'نیرو مودی لندن میں اپنا کاروبار معمول کے مطابق چلا رہا ہے جبکہ مرکزی حکومت اسے پکڑنے کے لئے موثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے'۔
خبروں کے مطابق پنجاب نیشنل بینک کے ساتھ کروڑوں روپے کی فریب دہی کرنے والا ہیرا کاروباری نیرو مودی لندن میں رہ کر اپنا کاروبار چلارہا ہے۔ محترمہ چترویدی نے الزام لگایا کہ 'اخبار کا رپورٹر نیرو مودی کا انٹرویو لینے میں کامیاب رہتا ہے جبکہ بھارت کی تفتیشی ایجنسیوں کو اس کا کچھ پتہ نہیں ملتا ہے'۔
کانگریس کی رہنما نے کہاکہ یہ’ مودی ہے تو ممکن ہے ‘ نعرے کی ایک اور تازہ مثال ہے، ملک میں ’دھاندلی باز پنرواس یوجنا‘ چل رہی ہے'۔ انہوں نے کہاکہ ’ملک میں مچاو لوٹ پردھان منتری دینگے کھلی چھوٹ‘ اورملک کے بینک لٹیروں کو بھگاکر چوکیداری کرنے کا جھوٹا رونا روتے ہیں'۔