بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک جوڑے نے سڑک کے کنارے ایک چھوٹا سا اسکول قائم کر دیا ہے، جہاں کچھ بچے یکجا ہو کر تعلیم حاصل کرتے ہیں۔
کورونا وائرس کے سبب تعلیمی ادارے آن لائن خدمات مہیا کرانے لگے ہیں، ایسے میں جن کے پاس آن لائن کی سہولیات نہیں ہیں، ان کا تعلیمی سلسلہ موقوف ہو گیا ہے۔ ایسے بچوں کو 62 سالہ وینا کپتا نامی خاتون نے تعلیم سے جوڑے رکھنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔
وینا گپتا نے بتایا کہ 'اسکولز بند ہوگئے ہیں اور ان بچوں کے پاس سیکھنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے اور اس وبا کے دوران ان چھوٹے بچوں کا گھر بیٹھے رہنا بہت مشکل ہے۔ اس لیے میں نے اپنے شوہر سے بات کی۔ لہذا میں اور میرے شوہر یہاں روزانہ یا ہر متبادل دن آتے ہیں اور ان بچوں کو تعلیم دیتے ہیں'۔
وینا گپتا اور ان کے شوہر ویریندر گپتا دونوں ملک کر اس کام کو انجام دے رہے ہیں۔ ویریندر گپتا اس سٹریٹ اسکول میں 10 سے 14 برس کے بچوں کو حساب پڑھاتے ہیں، جس کا بچوں پر مثبت اثر پڑ رہا ہے۔
مارچ کے اواخر میں ملک گیر سطح پر اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کے بعد آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کیا گیا، جبکہ ایک بڑی تعداد ایسے بچوں کی ہے، جن کے پاس موبائل یا انٹرنیٹ جیسی سہولیات نہیں ہے۔ ایسے بچوں کے لیے اس جیسا اسکول کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔
یمنا ندی کے کنارے قائم اس اسٹریٹ اسکول میں تقریبا 2 کلو میٹر سے بچے تعلیم حاصل کرنے کے لیے بے حد شوق سے آیا کرتے ہیں۔