بھارت میں کورونا وائرس کا گراف گزشتہ ایک ہفتہ سے تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اتوار کے روز ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 35 لاکھ کو عبور کر چکی تھی۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا کے 78 ہزار 512 کیسز کی تشخیص ہوئی ہے، اسی عرصے میں 971 اموات بھی درج کی گئی ہیں، ملک میں کورونا وائرس کیسز کی کل تعداد 36 لاکھ 21 ہزار تک جا پہنچی ہے۔
قومی دارالحکومت دہلی میں ایک بار پھر کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اتوار کے روز دارالحکومت میں 2 ہزار 24 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 22 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی ہے۔ ایک ہی وقت میں کورونا کے 1249 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں، دہلی میں کورونا متاثرین کی تعداد اب 1 لاکھ 73 ہزار 390 تک پہنچ گئی ہے۔ اسی عرصے میں کورونا کے 1 لاکھ 54 ہزار 171 مریض ٹھیک ہو ئے ہیں۔ دہلی میں کورونا سے مرنے والوں کی کل تعداد 4 ہزار 426 ہوگئی ہے۔
اتوار کے روز مجموعی تعداد بڑھ کر 80 ہزار 689 ہوگئی ہے جبکہ کووڈ 19 کے ایک دن میں مہاراشٹر میں 16 ہزار 408 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، اسی کے ساتھ ساتھ 296 مزید مریضوں کی موت کے بعد ریاست میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 24 ہزار 399 ہوگئی ہے، نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اتوار کے روز ممبئی میں 1 ہزار 237 کیسز کی تصدیق کی گئی تھی اور 30 مریضوں کی موت ہوگئی ہے، اس کے ساتھ ہی ممبئی میں انفیکشن کی کل تعداد بڑھ کر 1 لاکھ 44 ہزار 626 ہوگئی۔