رحمانی 30 کے کل 98 طلبہ وطالبات نے آل انڈیا پری میڈیکل ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان میں سے 12 طلبہ وطالبات نے 600 سے زائد نمبر حاصل کیے ہیں جب کہ 16طلبا نے 550 سے زائد نمبرات حاصل کیے ہیں۔
علاوہ ازیں 16 طلبا نے 500 سے زائد نمبرات حاصل کیے ہیں۔ اگر رینک کی بات کی جائے تو رحمانی 30 کے اسٹوڈینٹس آل انڈیا جنرل رینکنگ میں 1143 رینک حاصل کیے ہیں۔
گیارہ برس قبل آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری اور بہار، اڑیسہ اور جھارکھنڈ کے امیر شریعت مولانا ولی رحمانی کی کاوشوں سے رحمانی 30 کا قیام عمل میں آیا۔
عصری علوم میں مسلم طلبا برادرانِ وطن سے بہت زیادہ پیچھے ہیں، اس لیے مولانا ولی رحمانی کی یہ دلی خواہش ہے کہ اعلیٰ عصری علوم کے مقابلہ جاتی امتحانات میں کامیاب ہو کر مسلم طلبا ملک و قوم کی خدمت کریں اور برادرانہ وطن کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں۔
مولانا کی اسی کاوش اور لگن کی وجہ سے آج رحمانی 30 کے ماتحت طلبہ وطالبات نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
یہ مانا جاتا ہے کہ سرکاری طور پر ہائر ایجوکیشن میں مسلم طلبہ وطالبات کی تعداد محض 5 فیصد ہے اور آئی آئی ٹی۔ جے ای ای، میڈیکل جیسے مقابلہ جاتی امتحانات میں تو اِن کی کامیابی کا تناسب محض ایک سے دو فیصد ہے۔
مولانا رحمانی کی کاوش کا نتیجہ ہے کہ مسلم طلبہ طالبات اب اِن جیسے اعلیٰ مقابلہ جاتی امتحانات میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، جو مسلم قوم کے لیے یقینا خوش آئند پیغام ہے۔