لاک ڈاؤن کے دوران ہزاروں مہاجر مزدور متعدد تکالیف اور پریشانوں کے باوجود بھی پیدل ہی ہزاروں کلو میٹر دور اپنے آبائی گاؤں روانہ ہوگئے تھے۔
وہیں اب انلاک 1 کے دوران دہلی میں مقیم مہاجر مزدوروں کے کیا حالات ہیں اور انھیں اب بھی کس طرح کی تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس تعلق سے ای ٹی وی بھارت نے مزدوروں سے خصوصی بات چیت کی۔
جنوبی دہلی کے چھترپور میں رہائش پذیر 200 سے زائد مہاجر مزدور کرائے کے مکانوں میں رہتے ہیں۔
ان مزدوروں نے بتایا کہ اب انلاک ہونے کے بعد چند مزدوروں کو ہفتے میں ایک-دو دن کا کام مل جاتا ہے لیکن زیادہ تر مزدور بے روزگار ہیں اور انھیں کام نہیں مل رہا۔
مزدوروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ 'انلاک کے بعد بھی انھیں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ ان کے پاس پیسے نہیں ہے جس کی وجہ سے انھیں اپنے اہلخانہ کا پیٹ پالنے میں مشکل پیش آرہی ہے'۔
مزدوروں نے یہ بھی بتایا کہ لاک ڈاؤن میں بھلے ہی کام کاج ٹھپ رہا لیکن سماجی تنظیموں نے انھیں اس مشکل گھڑی میں کھانا اور راشن فراہم کیا جس سے ان کی پریشانی کچھ حد تک کم ہوئی۔