مرکزی حکومت نے حج مشن 2020 کی تیاریاں شروع کردی ہیں، جس کا اعلان 25 ستمبر کو ممبئی میں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اقلیتی وزارت کے زیر انتظام مرکزی حج کمیٹی نے 25 ستمبر کو حج سے متعلق تمام اداروں اور کمیٹیوں کا ایک اجلاس ممبئی میں طلب کیا ہے جس میں حج مشن 2020 کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور اسی اجلاس میں تفصیلات کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
اقلیتی وزارت کے ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 25 اور 26 ستمبر کو حج کمیٹی آف انڈیا نے کل ہند اجلاس طلب کیا ہے، جس میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی، سعودی سفیر، ریاستی حج کمیٹیوں کے سربراہان اور افسران شامل ہوں گے۔
حج مشن 2020 کے تحت رواں برس اکتوبر کے مہینے سے ہی فارم کی تقسیم کا عمل شروع ہو جائے گا۔
وزارت اقلیتی امور کے ایک افسر نے بتایا کہ 'حج مشن 2020 کی شروعات بہت جلد کی جارہی ہے اور اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ فارم کی تقسیم کی شروعات بھی جلد ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ رواں برس مئی سے مرکزی حج کمیٹی بغیر چئیرمین کے کام کر رہی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے وقت کمیٹی کے چیئرمین سید محبوب قیصر تھے، انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے بعد انہیں چیئرمین کے عہدہ سے الگ ہونا پڑا اور تب سے چئیرمین کا انتخاب عمل میں نہیں آیا ہے۔
وزارت کے اعلیٰ سطحی ذرائع کا کہنا ہے کہ ممبئی کے اجلاس میں اس قضیہ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔