بھارتی ریاست بہار میں ضلع گیا کے گاندھی میدان میں بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر وزیراعظم نریندر مودی نے گیا پہنچ کر جلسہ عام سے خطاب کیا۔
وزیر اعظم کو سننے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ یکجا ہوئے۔ اس موقع پر کچھ مسلمان بھی پہنچے تھے، جن سے ای ٹی وی بھارت نے بات چیت کی اور ان سے یہاں آنے کی وجہ معلوم کی۔
ای ٹی وی بھارت کے سوالوں کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندرمودی نے بہار ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے کام کیا ہے۔ جلسہ میں بیٹھے جلال الدین محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم نے پوری دنیا میں بھارت کا نام روشن کیا ہے۔ کچھ پارٹی اور کچھ افراد مسلمانوں کے درمیان بی جے پی کے خلاف نفرت پھیلاتے ہیں، تاہم اب مسلمان ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔
جلال الدین نے مزید کہا کہ آزادی کے بعد وزیراعظم نریندرمودی ملک کے پہلے ایسے وزیراعظم ہیں جنہوں نے 'سب کاساتھ سب کا وکاس' کا نعرہ دیا۔ پڑوسی ملک پاکستان جسکی وجہ سے مسلمان بدنام ہوتے تھے اسکو سبق سکھایا ہے۔ آج مودی کے راج میں مسلمان خوش ہیں۔
ایک دوسرے شخص تنویر اختر نے کہا کہ یہاں این ڈی اے کی جیت یقینی ہے۔ انہیں سیاست سے مطلب نہیں ہے لیکن وزیراعظم کے کاموں سے وہ مطمئن ہیں۔ وزیر اعظم نے ملک کو جوڑنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ آر جے ڈی مسلمانوں کی ہمدرد کہلاتی ہے تو اس نے مسلمانوں کو برابری کاحق کیوں نہیں دیا؟
وزیراعظم نریندر مودی نے گاندھی میدان سے جلسے عام کو خطاب کرتے ہوئے مگدھ کمشنری کے سبھی پانچوں اسمبلی حلقوں کے این ڈی اے کے امیدواروں کے لئے ووٹ مانگا۔