ریلوے بورڈ کے چیئرمین ونود کمار یادو نے ریل افسران اور اہلکاروں کی جانب سے ٹکٹ بکنگ کے لیے ای پاس ماڈل اور آن لائن پاس جنریشن کا انتظام جاری کیا ہے۔ اس کے تحت اب ریلوے افسر اور اہلکار ای۔پاس اور پریویلیج ٹکٹ آرڈر (پی ٹی او) کے لیے آن لائن درخواست کر سکیں گے اور اسے آن لائن حاصل کر سکیں گے۔
ریلوے کے ذرائع کے مطابق پہلے اہلکاروں کو ریل پاس حاصل کرنے کے لیے افسران کے چکر کاٹنے پڑتے تھے۔ کاغذی دستاویز ہونے کی وجہ سے ریل پاس کے غلط استعمال کا امکان رہتا تھا۔ ایک پاس کا کئی بار استعمال کیا جاتا رہا ہے لیکن اب پورا ڈاٹا آن لائن رہے گا اور الیکٹرانک چیکنگ کے نئے انتظام سے ایک پاس کا دوبارہ استعمال نہیں ہو سکے گا۔
قبل ازیں ریل اہلکاروں کو محکمہ کی جانب سے جاری کاغذ والے پاس کے سہارے ٹکٹ لینا پڑتا تھا لیکن ای۔پاس کی سہولت نافذ کرنے سے پورا انتظام پیپر لیس ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق اب ریل افسران اور اہلکار بھی عام لوگوں کی طرح اپنے کمپیوٹر یا موبائل فون سے ٹکٹ بک کروا سکیں گے۔ انھیں اب صرف موبائل پر آئے کوڈ کو محفوظ رکھنا ہوگا۔ یہی کوڈ ریزرویشن کرواتے وقت فارم میں بھرنا ہوگا۔ اہلکاروں کو پاس لے کر ٹکٹ کاؤنٹر پر جانے اور سفر کے دوران اسے سنبھال کر رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس نظام میں افسران اور اہلکاروں کو ای پاس سے منسلک تمام معلومات ایک سکینڈ سے کم وقت میں مل جائے گی۔ اس سے شفافیت بھی آئے گی۔