حکومت نے کل دیر رات اس سلسلے میں ایک نوٹس جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں کو وزارت میں افسران سے ملاقات کے لیے پہلے اجازت لینی ہوگی اور اسی کی بنیاد پر وزارت میں داخلہ ملے گا۔ حالانکہ اس میں وزارت میں داخلہ پر کسی طرح کی پابندی عائد کرنے سے انکار کیا گیا ہے۔
وزارت کی طرف سے جاری نوٹس میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ نارتھ بلاک میں صحافیوں کے داخلہ پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ لیکن صحافیوں کے داخلہ کو بہتر بنانے اور اس سے متعلقہ عمل کو درست کیا گیا ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ کے طور پر محترمہ نرملا سیتا رمن کے چارج سنبھالنے کے بعد پہلی ملاقات میں صحافیوں نے کسی پریشانی کے بغیر رپورٹنگ کے لیے ایک علیحدہ ویٹنگ روم الاٹ کرنے کی اپیل کی تھی۔ الگ کمرہ نہیں ہونے کی وجہ سے افسران سے ملاقات کے لئے صحافیوں کو کوریڈور میں انتظار کرنا پڑتا ہے۔
وزارت نے کہا کہ وزیر خزانہ کی ہدایت پر نارتھ بلاک میں گیٹ نمبر دو کے باہر میڈیا کے لیے خاطرخواہ نظم کیا گیا ہے جس میں ایرکنڈیشنڈ کمرہ، پانی، چائے، کافی وغیرہ مقررہ وقفے سے دستیاب کرائے جائیں گے۔ اس میں بیٹھنے کے ساتھ ہی الیکٹرانک آلات کو چارج کرنے کا بھی نظم کیا گیا ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ پی آئی بی کی طرف سے جاری ایکریڈیشن کارڈ کے ذریعہ لوگوں کو پیشگی اجازت کی بنیاد پر داخلہ ملے گا۔ اس کے علاوہ وزارت میں داخلہ پر کوئی دیگر پابندی نہیں ہے۔
عام بجٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں نارتھ بلاک میں دس جون سے صحافیوں کا داخلہ روک دیا گیا تھا۔ بجٹ پیش کیے جانے کے بعد اس کو واپس لے لیا جاتا تھا۔