جمعیۃ علماء ہند حلال ٹرسٹ کے سکریٹری مولانا نیاز حمد فاروقی نے پتن جلی آیوروید لمیٹڈ کو حلال سرٹیفکٹ دینے سے متعلق اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ’حلال ٹرسٹ جمعیۃ علماء ہند‘ دنیا بھر میں حلال سرٹیفیکیشن کے ممتاز اداروں میں سے ایک ہے۔ پچھلے چند دنوں سے ہم نے مشاہدہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا میں ایسی جعلی خبریں گردش کررہی ہیں کہ جمعیۃ علما ہند حلال ٹرسٹ نے گائے کے پیشاب یاکسی ایک ایسے پروڈکٹ کی تصدیق کی ہے جس میں گائے کا پیشاب ملایا جاتا ہے۔
آج یہاں جاری ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس جعلی خبر میں ایک کمپنی یعنی پتن جلی آیوروید لمیٹڈ کا نام لیا جارہا ہے۔ ہم یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پتن جلی آیوروید لمیٹڈ کے پلانٹ کو حلال سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے قبل حلال آڈٹ کے تمام طریقہ کارکا اطلاق کیا گیا ہے اور مناسب تحقیقات بروئے کار لائی گئی ہیں۔ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ کم از کم دو مسلم حلال آڈیٹرز جن میں فوڈ ٹکنالوجسٹ بھی شامل ہیں، انہوں نے پتن جلی آیوروید لمیٹڈ کے مختلف پلانٹس کا معائنہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ہم ان کے عملے کو بھی حلال امور کی تعمیل سے متعلق تربیت دیتے ہیں۔
ریلیز میں دعوی کیا گیا ہے کہ یہ سارے پلانٹس اسلامی اصولوں کے پابند ہیں جس سے ذرہ انحراف نہیں ہوتا۔ ہم یہ بھی تصدیق کرتے ہیں کہ مصدقہ مینوفیکچرنگ سائٹ پر کسی بھی صورت میں گائے کے پیشاب کا استعمال نہیں کیا جارہا ہے، نہ ہی گائے کا پیشاب پلانٹس کے کسی بھی حصے میں ذخیرہ کیا گیا ہے۔
براہ کرم اس بات کا خیال رکھیں کہ کسی بھی بڑی کمپنی کے پاس متعدد پروڈکشن سائٹس ہوتی ہیں۔ پتن جلی آیوروید لیٹیڈ بھی کسی علیحدہ پلانٹ میں گائے کے پیشاب پر مبنی مصنوعات تیار کرتا ہے، جن کا ہم نے کبھی دورہ نہیں کیا اور نہ ہی اس کی تصدیق کی۔ تاہم شفافیت کے مقصدسے، انھوں نے ان تمام مصنوعات کی تفصیلات ہمیں دی ہیں جو حرام اشیا / گائے کے پیشاب پر مبنی ہیں اور ہمارے پاس ان کی فہرست بھی موجود ہے(لیکن کبھی ان کی تصدیق نہیں کی)۔
سرٹیفیکٹ میں حلال سرٹیفیکیشن کا دائرہ کار، مصنوعات کی تفصیلات اور مینو فیکچرنگ ایڈریس وغیرہ کا واضح طور پر تذکرہ کیا جاتا ہے۔ لہذا تصدیق کردہ مصنوعات کے بارے میں کوئی الجھن نہیں ہے کیونکہ غیر حلال مصنوعات کسی علیحدہ احاطے میں تیار کیے جاتے ہیں۔
مزید وضاحت کے لیے ہم یہ مثال پیش کرتے ہیں کہ کوئی بھی مشہور برانڈ یا ایم این سیز حلال اور حرام دونوں مصنوعات تیار کرتے ہیں۔ حلال صارفین تک حلال پروڈکٹ پہنچانے کے لیے ان کو حلال سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوتی ہے جس کے لیے دنیا بھر میں تسلیم شدہ حلال سرٹیفیکیشن باڈیز کام کرتے ہیں۔ صرف اس وجہ سے کہ کمپنی اپنی کسی دوسری سائٹ پر کچھ غیر حلال مصنوعات بھی تیار کرتی ہے ہم کمپنی کو حلال صارفین میں حلال مصنوعات کو فروغ دینے سے روک سکتے۔
ہمارا آڈٹ کا طریقہ نہایت مضبوط اور مستحکم ہے، انڈونیشیا،ملیشیا، امارات ترکی، سعودی عرب، مصر قطر اور درجنوں ممالک کی حکومتوں کے ہم معتمد ہیں، ان کی آڈٹ ٹیم بھارت آتی ہے اور ان کے ساتھ مل کر ہم بھارتی کمپنیوں کا آڈٹ کرتے، اس میں پتنجلی بھی شامل ہے۔ ان میں بین الاقوامی حکام کی طرف سے منظوری کے دور میں بھی مسلسل نگرانی ہو تی ہے۔